بھٹکل،20؍جون(ایس او نیوز/ایجنسی) بھٹکل اور ساحلی کرناٹکا میں 19 جون بروز اتوار کو 29 ذی قعدہ ہونے کی بناء پر چاند دیکھنے کی کوشش کی گئی تھی مگر چاند نظر نہ آنے کے بعد 20 جون یعنی منگل کو یکم ذی الحجہ 1444 ھ ہونے کا اعلان کیا گیا اور اس طرح 29 جون کو عیدالاضحیٰ منائی جانے کا اعلان ہوا تو دوسری طرف ہندوستان کے دیگر علاقوں میں پیرکو 29 ذی قعدہ ہونے پر ان علاقوں میں چاند دیکھے جانے کی کوشش کی گئی تھی اور پتہ چلا ہے کہ کئی علاقوں میں ماہ ذی الحجہ کا چاند نظر آجانے کی بنیاد پر منگل 20 جون کو ہی ذی الحجہ کی پہلی تاریخ ہونے کا اعلان ہوا۔ اس طرح پورے ملک میں ایک ساتھ 29 جون 2023 یعنی جمعرات کو ذی الحجہ کی 10 تاریخ ہوگی اور پورے ہندوستان میں عیدالاضحیٰ پورے تزک و احتشام کے ساتھ منائی جائے گی۔
واضح رہے کہ 19 جون کو سعودی عرب میں ذی الحجہ کا چاند نظر آنے کی اطلاع موصول ہوئی تھی اور سعودی سمیت دیگر خلیجی ممالک میں 27 جون منگل کو وقوف عرفہ ہوگا جبکہ عید الاضحیٰ 28 جون کو ہوگی۔
مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی کرناٹک کے رکن مولانا محمد مقصود عمران رشادی نے بتایا کہ 29 ذی قعدہ 1444 ھ م 19 جون 2023 بروز پیر کو بینگلور میں مطلع ابر آلود تھا چاند نظر نہیں آیا۔ لیکن ریاست کے دوسر ےاضلاع گلبرگہ، رائچور، وغیرہ میں چاند نظر آیا ہے اس لئےعلمائے کرام نے مقتفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ یکم ذی الحجہ 1444ھ مطابق 20 جون 2023 بروز منگل پوری ریاست کرناٹک میں بھی عید الاضحیٰ منائی جائے گی۔
کرناٹک کی طرح مہاراشٹرا، یوپی، آندھرا پردیش، راجستھان اور دیگر مقامات پر بھی عام رویت کی اطلاع موصول ہوئی ہے اور رویت و شہادت کی تصدیق کر لی گئی ہے۔ اس لیے مورخہ 20 جون 2023 روز منگل کو ماہ ذی الحجہ 1444ھ کی پہلی تاریخ قرار پائی ہے اور 29 جون 2023 بروز جمعرات کو عیدالاضحیٰ منائی جائے گی۔
دہلی میں مطلع ابر آلود تھا، البتہ ملک کے بیشتر مقامات اعظم گڑھ، جونپور، سرائے میر، مئو ائمہ، مالیگاؤں، ناگپوروغیرہ سے رویت عامہ کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ اس لیے رویت ہلال کمیٹی امارت شرعیہ ہند نے اعلان کیا کہ 29 رویت شرعاً ثابت ہو گئی ہے۔ بتاریخ 20 جون 2023 بروز جمعرات ماہ ذی الحجہ 1444ھ کی پہلی تاریخ ہوگی اور عیدالاضحیٰ کی نماز 29 جون بروز جمعرات ادا کی جائے گی ۔